گملا :راہل گاندھی نے بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوران کہا کہ مودی حکومت نے نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کو نافذ کر چھوٹے کاروباریوں کو ختم کر دیا ہے۔ چھوٹے کاروباری ملک کو روزگار دیتے تھے، انھیں نوٹ بندی اور جی ایس ٹی نافذ کر کے ختم کر دیا گیا۔ اس لیے مرکز میں کانگریس کی حکومت آنے پر سب سے پہلے جی ایس ٹی کو بدلا جائے گا۔ اس کے بعد ایک نئی فنانشیل اسکیم چھوٹے اور میڈیم کاروباروں کے لیے نافذ کی جائے گی۔ اس میں ہماری توجہ پسماندہ، دلت، قبائلی، غریب طبقہ کو پورا فائدہ دینے پر مرکوز ہوگی۔
راہل گاندھی نے آج کی یاترا کے دوران گملا میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ آج ملک کے سامنے سب سے بڑا ایشو ناانصافی کا ہے۔ نوجوان بے روزگار ہیں، پبلک یونٹس بند ہو رہی ہیں، مہنگائی بڑھ رہی ہے، ذات پر مبنی مردم شماری نہیں ہو رہی، ریزرویشن میں 50 فیصد کی حد لگی ہوئی ہے، کسانوں و مزدوروں کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے۔ اگر مودی حکومت عوام کے ساتھ ہر قدم پر ناانصافی کرے گی تو ہندوستان کیسے جڑے گا۔ کانگریس ان سبھی ناانصافیوں کے خلاف لڑنے نکلی ہے۔
No Comments: