قومی خبریں

خواتین

دہلی کی سیکورٹی کی ذمہ داری کانگریس سنبھالیگی۔ہارون یوسف

بی جے پی حکومت نظامِ قانون پر قابو رکھنے میں پوری طرح ناکام ثابت ہوئی

نئی دہلی: انڈیا اتحاد کی لوک سبھا سیٹوں پر اکثریت سے جیت حاصل کرنے کے بعد ملک اور دہلی کے بگڑتے نظامِ قانون اور سیکورٹی کی ذمہ داری کانگریس سنبھالیگی۔ یہ بیان دہلی حکومت میں سابق وزیر اور کانگریس میڈیا تشہیر اسٹریٹجی کمیٹی کے چیئرمین ہارون یوسف نے پارٹی دفتر راجیو بھون میں منعقد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ دس سالوں میں بی جے پی کی حکومت ملک سمیت راجدھانی دہلی کی سیکورٹی اور نظامِ قانون پر قابو رکھنے میں پوری طرح ناکام ثابت ہوئی ہے۔ دہلی کے بگڑتے ماحول میں آج ہر آدمی اپنی سیکورٹی کو لے کر فکرمند ہے، کیونکہ راجدھانی میں خواتین، بزرگوں، چھوٹے بچوں، لڑکیوں کے ساتھ ہو رہے مجرمانہ معاملات میں سینکڑوں فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ مرکزی حکومت اور وزارت داخلہ کی بے حسی کے سبب دہلی کرائم کیپٹل بن گئی ہے۔
نامہ نگاروں سے مخاطب ہوتے ہوئے ہارون یوسف نے کہا کہ کانگریس کے انتخابی منشور ’نیائے سنکلپ پتر‘ میں ’مہیلا نیائے‘ کے حق ’میتری گارنٹی‘ کے تحت خواتین کو تحفظ کی گارنٹی دی جائے گی۔ انھوں نے مزید کہا کہ دہلی میں روزانہ 3 عصمت دری، 4-3 قتل اور تقریباً 15 اغوا کے واقعات ہو رہے ہیں، حتیٰ کہ عدالتی احاطہ تک میں گینگ وار کے واقعات پیش آئے ہیں۔ دسمبر 2023 میں جاری اعداد و شمار کے مطابق دہلی میں 2022 میں 2.99 لاکھ مجرمانہ معاملے درج ہوئے ہیں جو 5 میٹرو شہروں کے مقابلے میں راجدھانی میں سب سے زیادہ ہے۔ 22-2020 کے خواتین اور بزرگوں سے متعلق جرائم میں 45 فیصد، بچوں کے ساتھ جرائم میں 41 فیصد، اغوا میں 39 فیصد، قتل میں 9 فیصد اور سائبر کرائم میں 313 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *