نئی دہلی: اگنی پتھ اسکیم کے تحت اگنی ویروں کے تقرر پر این ڈی اے کی حلیف جماعتوں کے اعتراض کے بعد مرکز نے نقائص کو دور کرنے اور مسلح افواج میں مختصرمدتی تقررات میں تبدیلیاں کرنے کا وعدہ کیا۔اب یہ باور کیا جاتا ہے کہ بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے حکومت نے کم ازکم 10 وزارتوں کے معتمدین کی ایک کمیٹی تشکیل دی ہے تاکہ اس اسکیم پرنظرثانی کی جاسکے اور اسے نوجوانوں کے لئے مزید پرکشش اور فائدہ مند بنایا جاسکے۔توقع ہے کہ معتمدین کا گروپ اگنی پتھ اسکیم کے تحت مختصرمدتی تقررات کو مزید پرکشش بنانے کی سفارشات پیش کرے گا۔ انتخابی مہم میں یہ اسکیم کلیدی انتخابی مسئلہ بن گئی تھی اور اپوزیشن جماعتوں نے برسراقتدار آنے پر اسے منسوخ کرنے کا عہد کیا تھا۔17 یا 18 جون کو وزیراعظم کے روبرو ایک تفصیلی پریزنٹیشن کیا جائے گا۔ یہ کمیٹی‘ تقررات کے عمل میں تبدیلیاں لانے اور اگنی ویروں کے لئے مزید مالی فوائد کی سفارش کرسکتی ہے۔ فی الحال اگنی ویروں کا صرف 4 سال کی مدت کے لئے تقرر کیا جارہا ہے۔
توقع ہے کہ ہندوستانی فوج بھی داخلی طورپر اس اسکیم کا جائزہ لے گی اور حکومت کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ باخبر افراد کے مطابق فوج چند تبدیلیوں کی تجویز پیش کرسکتی ہے جن میں اگنی ویروں کے لئے ٹریننگ کی مدت میں اضافہ اور مسلح افواج میں ان کی برقراری کا فیصد بڑھانے جیسی سفارشات شامل ہوں گی۔تقریباً 60 تا 70 فیصد اگنی ویروں کو فوج میں برقرار رکھنے کی سفارش ممکن ہے۔ موجودہ طورپر صرف 25 فیصد اگنی ویروں کو برقرار رکھا جاتا ہے۔ توقع ہے کہ وزیراعظم کا دفتر (پی ایم او) ان سفارشات کا جائزہ لینے اور تمام فریقین کی رائے حاصل کرنے کے بعد ان تبدیلیوں پر قطعی فیصلہ کرسکتا ہے۔
No Comments: