قومی خبریں

خواتین

یو جی سی-نیٹ امتحان کی منسوخی لاکھوں طلباء کی جیت۔کھڑگے

کانگریس صدر نے کہا کہ یہ مودی حکومت کے غرور کی شکست ہے

نئی دہلی :کانگریس پارٹی نے مرکزی وزارت تعلیم کے ذریعہ یو جی سی-نیٹ امتحان کی منسوخی پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا ہے کہ نریندر مودی جی، آپ ’پریکشا پر چرچا‘ تو بہت کرتے ہیں، ’نیٹ امتحان پر چرچا‘ کب کریں گے؟ کانگریس کے صدر نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر مزید لکھا ہے یو جی سی-نیٹ امتحان کی منسوخی لاکھوں طلباء کے جذبے کی جیت ہے۔ یہ مودی حکومت کے غرور کی شکست ہے جس کی وجہ سے انہوں نے ہمارے نوجوانوں کے مستقبل کو پامال کرنے کی مذموم کوشش کی۔
کانگریس کے قومی صدر نے کہا ہے کہ مرکزی وزیر تعلیم پہلے کہتے ہیں کہ نیٹ میں کوئی پیپر لیک نہیں ہوا۔ جب بہار، گجرات اور ہریانہ میں ایجوکیشن مافیا کی گرفتاریاں ہوتی ہیں تو وزیر تعلیم مانتے ہیں کہ کچھ گڑبڑ ہوا ہے۔ کانگریس کے قومی صدر نے پوچھا ہے کہ نیٹ کا امتحان کب رد ہوگا؟ کھڑگے نے کہا کہ مودی جی نیٹ امتحان میں بھی اپنی حکومت کی دھاندلی اور پیپر لیک کو روکنے کی ذمہ داری لیجئے۔وہیں جانب کانگریس کے لیڈر جے رام رمیش نے بھی اس پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پی ایم مودی کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے اپنے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر لکھا ہے کہ ہر سال غیر حیاتیاتی وزیر اعظم ’پریکشا پہ چرچا‘ کا بڑے پیمانے پر تماشا کرتے ہیں۔ پھر بھی ان کی حکومت لیک اور فراڈ کے بغیر ایک امتحان بھی منعقد نہیں کر سکتی ہے۔
واضح رہے کہ مرکزی وزارت تعلیم نے بدھ کے روز نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کے ذریعہ منعقدہ یو جی سی-نیٹ امتحان کو منسوخ کرنے کا حکم دیا ہے اور اس معاملے کی تحقیقات سی بی آئی کو سونپ دی ہے۔ بتایا گیا کہ یو جی سی- نیٹ کا امتحان منسوخ کر دیا گیا کیونکہ یہ اطلاع ملی تھی کہ امتحان کی شفافیت سے سمجھوتہ کیا گیا ہے۔ وزارت کا یہ فیصلہ میڈیکل داخلہ امتحان نیٹ (قومی اہلیت کم داخلہ ٹیسٹ) میں مبینہ بے ضابطگیوں پر ایک بڑے تنازعہ کے درمیان آیا ہے اور یہ معاملہ اب سپریم کورٹ میں ہے۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *