نئی دہلی: دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں کی جانب سے جاری پریس بیانیے کے مطابق حج کمیٹی آف انڈیا کی ہدایات کے تحت حج بیت اللہ 2024 کے لیے درخواست فارم جمع کرنے کا سلسلہ 04 دسمبر 2023 سے شروع کر دیا گیا ہے جو 20 دسمبر 2023 تک جاری رہے گا۔ حج درخواست فارم حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ اور موبائل ایپ ’حج سویدھا‘ پرآن لائن بھرے جا سکتے ہیں۔دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں کی خصوصی دلچسپی سے اس سال حج بیت اللہ 2024 کی ادائیگی کا ارادہ رکھنے والے ایسے افراد جن کے پاس ابھی تک مشین ریڈیبل پاسپورٹ نہیں ہے، ان کے لیے فاسپورٹ آفس، وزارتِ امور خارجہ، حکومت ہند کے تعاون سے حج منزل میں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے خصوصی پاسپورٹ فارم کاؤنٹر کا اہتمام کیا جائے گا۔ وہاں نیا پاسپورٹ بنانے یا پاسپورٹ رینووَل کے لیے مطلوبہ ضروری دستاویزات کے ساتھ آ کر پاسپورٹ ایپلائی کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایسے عازمین حج کے لیے بروقت پاسپورت مہیا کرانے کو یقینی بنانے کی پوری کوشش کی جائے گی۔
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر جناب اشفاق احمد عارفی کی جانب سے فراہم معلومات کے مطابق حج درخواست گزار عازمین کے پاس مشین ریڈیبل پاسپورٹ ہونا لازمی ہے جو حج درخواست فارم بھرنے کی آخری تاریخ یا اس سے پہلے کا جاری کیا ہوا ہونا چاہیے اور جس کی میعاد کم سے کم 31 جنوری 2025 تک ہونی چاہیے۔ آن لائن حج درخواست فارم بھرنے کے لیے پاسپورٹ سائز فوٹو، آدھار کارڈ، کورونا ویکسین کی دو ڈوز کی سرٹیفکیٹ اور گروپ لیڈر کے بینک اکاؤنٹ کا کینسل چیک ہونا بھی ضروری ہے۔ ایک گروپ میں زیادہ سے زیادہ 4 لوگ درخواست دے سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ گزشتہ برسوں کی طرح 45 سال سے زیادہ عمر کی خواتین بغیر محرم کے اکیلی بھی درخواست دینے کی اہل ہوں گی۔
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی، حج منزل، آصف علی روڈ، نئی دہلی میں گزشتہ برسوں کی طرح امسال بھی آن لائن فارم بھرنے اور جمع کرنے کی سہولیات دفتری اوقات میں بدستور جاری رہیں گی۔ مزید جانکاری کے لیے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے فون نمبر 011-23230507 پر پیر سے جمعہ کے درمیان صبح 10 بجے سے شام 05 بجے تک رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
No Comments: