غزہ :غزہ میں اسرائیلی افواج کی بربریت کا سلسلہ جاری ہے، خان یونس میں حملوں میں سیول ڈیفنس کے تین اہلکاروں، دوصحافیوں اور بچوں سمیت متعدد فلسطینی شہید ہوگئے۔رفح میں رہائشی عمارت پر اسرائیلی طیاروں کی بے رحمانہ بمباری کے نتیجے میں 4 فلسطینی شہید، درجنوں زخمی اور 15 افراد لاپتہ ہوگئے۔ میڈیا کے مطابق غزہ پٹی کے جنوبی کنارے پر رفح کے علاقے میں اسرائیلی طیاروں نے شہیدہ خاندان سے تعلق رکھنے والے ایک ڈاکٹر کے گھر کو نشانہ بنایا جس نے کئی بے گھر فلسطینیوں کو پناہ دی ہوئی تھی۔اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے رفح میں ابو ضبعہ اور عاشور خاندانوں کے گھروں کو بھی نشانہ بنایا گیا جس میں مزید 25 افراد شہید ہوئے۔فلسطینی وزارت داخلہ کے مطابق خان یونس میں اسرائیلی حملے کے نتیجے میں فرحانہ اسکول میں سویلینز کو ریسکیو کرنے کے عمل میں مصرف 3سیول ڈیفنس اہلکار بھی شہید ہوگئے۔گزشتہ روز رفح، خان یونس، شمالی اور مشرقی غزہ کے مضافاتی علاقوں پر اسرائیلی حملوں میں 280 سے زائد فلسطینی شہید جبکہ 800 سے زائد زخمی ہوئے۔ دو صحافیوں کی شہادت کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس کا کہنا تھا کہ 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی افواج کی کارروائیوں میں جاں بحق ہونے والے صحافیوں کی تعداد خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔؟ادھر اسرائیل افواج کی جانب سے فلسطینی صحافیوں کو ٹارگیٹ بنائے جانے سے متعلق خیال کو مسترد کرتے ہوئے امریکی ترجمان جان کربی کا کہنا تھا کہ ہمیں اب تک ایسے کوئی شواہد نہیں ملے کہ اسرائیلی افواج غزہ میں رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں کو ٹارگیٹ بنا کر قتل کر رہی ہیں۔دوسری جانب اسرائیلی جارحیت کے جواب میں فلسطینی مزاحمت بھی جاری ہے۔ حماس کا کہناہے کہ خان یونس میں اسرائیلی فوجیوں سے بھرے مکان کو دھماکے سے اڑادیا گیا ہے۔ حملے میں کئی اسرائیلی فوجی مارے گئے ہیں جبکہ اسرائیلی گاڑیوں کو بھی نشانہ بنایاگیا ہے۔ خیال رہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کے نتیجے میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 18 ہزار 797 سے متجاوز ہو چکی ہے جبکہ 50 ہزار سے زائد زخمی اور 7 ہزار 780 سے زائد افراد لاپتہ ہو چکے ہیں۔غزہ پر 7 اکتوبر سے اب تک ہونے والی بمباری میں 2 لاکھ 53 ہزار سے زائد مکانات جزوی طور پر متاثر جبکہ 52 ہزار سے زائد گھروں کو مکمل طور پر تباہ کیا جا چکا ہے۔
No Comments: