شدید برفباری سے کشمیر کی عام زندگی پوری طرح درہم برہم ہو گئی ہے۔ مسلسل دوسرے دن وادی کا ملک اور دنیا کے باقی حصوں سے فضائی، ریل خدمات اور زمینی رابطہ منقطع رہا۔ نویُگ سرنگ کے دونوں منھانوں پر برفباری اور کئی جگہ بارش سے زمین کھسکنے سے جموں-سری نگر قومی شاہراہ ہفتہ کو دن بھر بند رہی۔ مغل روڈ پر بھی آمد و رفت ٹھپ رہی۔
جموں کے پتنی ٹاپ، نتھا ٹاپ، سناسر میں بھی صبح میں برفباری ہوئی۔ کم روشنی اور رنوے پر جمے برف کی وجہ سے سری نگر ہوائی اڈہ پر دوسرے دن بھی طیاروں کی آمد و رفت بند رہی۔ جموں ایئر پورٹ پر کسی طیارے نے کوئی پرواز نہیں بھری۔ کشمیر میں بجلی اور پانی کی سپلائی بھی بُری طرح متاثر ہو گئی ہے جس سے لوگوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
حساس علاقوں میں لینڈ سلائڈ کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 24 گھنٹوں کے دوران بھی وادی کے زیادہ تر علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ ہائی وے بند ہونے سے جموں سے سری نگر جانے والی گاڑی جموں، اودھم پور میں ہی روک دیے گئے ہیں۔
جموں کشمیر میں شدید ٹھنڈ اور برفباری کے درمیان وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ڈپٹی کمشنرس کو برف ہٹانے کے کام پر ذاتی طور پر نگرانی رکھنے کی ہدایت دی ہے۔افسروں نے بتایا ہے کہ جنوبی کشمیر کے میدانی علاقوں میں زیادہ سے بہت زیادہ برفباری، جبکہ وسطی کشمیر کے میدانی علاقوں میں درمیانی سطح کی برفباری ہوئی ہے جبکہ شمالی کشمیر کے میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی سطح کی برفباری ہوئی۔ ٹریفک ڈِپارٹمنٹ کے افسروں کے مطابق برفباری کی وجہ سے جموں- سری نگر قومی شاہراہ (این ایچ-44) آمد و رفت کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نویُگ سرنگ میں شدید برفباری سے برف ہٹانے کے کام میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے۔
No Comments: