اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے آج ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواتین سے متعلق ایک بڑا اعلان کیا۔ انھوں نے یوپی پولیس کی بھرتی میں خواتین کے لیے 30 فیصد ریزرویشن دینے کی بات کہی اور ساتھ ہی مرکزی حکومت و ریاستی حکومت کے فلاحی منصوبوں کو بھی شمار کرایا۔
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے یہ اعلان ہاتھرس کے باگلا ڈگری کالج میدان میں منعقد ’ناری شکتی وندن‘ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے ساتھ ہی کہا کہ ’’2017 سے پہلے ریاست میں انارکی کا ماحول رہتا تھا، بہن بیٹیاں خود کو غیر محفوظ محسوس کرتی تھیں، لیکن اب خواتین خود کو محفوظ محسوس کرتی ہیں۔ بی جے پی جو کہتی ہے وہ کر کے دکھاتی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’گزشتہ ساڑھے نو سال کے اندر ایک نئے ہندوستان کو دیکھا ہے، جہاں ذات اور مذہب کی بنیاد پر نہیں، بلکہ ’سب کا ساتھ، سب کا وِکاس‘ کے جذبہ کے ساتھ ملک آگے بڑھ رہا ہے۔‘‘
یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ریاست نے ساڑھے نو سال میں اتر پردیش کو بدلتے ہوئے دیکھا ہے۔ آج 55 لاکھ لوگوں کو گھر مل چکے ہیں، مفت میں بجلی کنکشن ملے ہیں۔ ’پی ایم آیوشمان یوجنا‘ کے تحت 10 کروڑ لوگوں کو فائدہ ملا ہے۔ کووڈ دور میں لوگوں کو 220 کروڑ کی مفت ویکسین لگائی گئی۔
No Comments: