الور: راجستھان میں ضلع الور کے رام گڑھ اسمبلی حلقہ سے کانگریس کے رکن اسمبلی زبیر خان کا ہفتہ کی صبح انتقال ہو گیا۔ ان کی عمر تقریباً 61 برس تھی۔ وہ گزشتہ کئی دنوں سے علیل تھے۔ انہوں نے ڈھائی پیڈی میں واقع اپنے فارم ہاؤس میں صبح 5.50 بجے آخری سانسیں لیں۔ ان کی اہلیہ صفیہ زبیر بھی رکن اسمبلی رہ چکی ہیں اور ان کے دو بیٹے ہیں۔
زبیر خان پہلی بار 1990 میں کانگریس کے امیدوار کے طور پر رام گڑھ سے رکن اسمبلی منتخب ہو کر قانون ساز اسمبلی پہنچے تھے۔ وہ 1993، 2003 اور 2023 میں بھی رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔ ان کی اہلیہ صفیہ زبیر بھی سال 2018 میں رکن اسمبلی منتخب ہوئیں۔ مرحوم زبیر خان یوتھ کانگریس کے قومی ورکنگ صدر اور کانگریس کے ضلع صدر بھی رہ چکے تھے۔
وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما نے زبیر خان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے انہوں نے کہا ہے، ’’زبیر خان کے انتقال کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ مصیبت کی اس گھڑی میں میری تعزیت ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہے۔‘‘ انہوں نے دعا کی کہ خدا مرحوم کی روح کو سکون دے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔
اسی طرح سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے بھی زبیر خان کے انتقال پر غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا، ’’زبیر خان کا انتقال ہم سب کے لیے گہرے صدمے کا باعث ہے۔ مرحوم زبیر خان اپنے علاقے کی ترقی کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل رہتے تھے اور اپنے آخری ایام تک عوامی خدمت میں مصروف رہے۔ ان کا انتقال ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔
No Comments: