اسلام آباد: سپریم کورٹ نے عمران خان کی پارٹی ’پاکستان تحریک انصاف‘ (پی ٹی آئی) کو مخصوص نشستوں کی اہل قرار دیتے ہوئے پیشاور ہائی کورٹ کے ذریعہ مخصوص نشستیں حکومت کو دینے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا ہے۔ دراصل سپریم کورٹ میں سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے کیس کی سماعت ہوئی تھی جس پر محفوظ رکھ لیا گیا تھا، اب اس سلسلہ میں فیصلہ سناتے ہوئے حکمراں جماعت کو عدالت عظمیٰ نے جھٹکا دے دیا ہے۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 13 رکنی فل کورٹ نے اس معاملے میں براہ راست فیصلہ سنایا۔ اس فیصلے میں سپریم کورٹ نے پیشاور ہائی کورٹ اور یکم مارچ 2024 کا الیکشن کمیشن کا وہ فیصلہ کالعدم قرار دیا ہے جس میں مخصوص نشستیں حکومت کو دینے کی بات کہی گئی تھی۔ عدالت عظمیٰ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ آئین کے خلاف تھا۔ سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں سے متعلق یہ فیصلہ 5-8 سے سنایا۔ 8 اکثریتی ججز کا فیصلہ جسٹس منصور علی شاہ نے پڑھ کر سنایا، تاہم تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔
No Comments: