نئی دہلی: صدر دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو 154 ویں گاندھی جینتی کے موقع پر راج گھاٹ پر مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ اور لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے بھی راج گھاٹ پر مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کا بھی یوم پیدائش ہے،اس موقع پر نائب صدر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ وجے گھاٹ گئےاور سابق وزیراعظم لال بہادر شاستری کو خراج عقیدت پیش کیا۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کے، 154ویں یوم پیدائش ’گاندھی جینتی‘ کے موقع پر ملک کو مبارکباد دی ہے۔ اپنے پیغام میں انھوں نے کہا کہ سچائی اور عدم تشدد کی مہاتما گاندھی کی آئیڈیو لوجی سے دنیا کیلئے ایک نیا راستہ ہموار ہوا ہے۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ مہاتما گاندھی نے اپنی پوری زندگی میں نہ صرف عدم تشدد کیلئے بلکہ صفائی ستھرائی، خواتین کو بااختیار بنانے، خودکفالت اور کسانوں کے حقوق کیلئے جدوجہد کی۔ انھوں نے ذات پات، سماجی تفریق اور ناخواندگی کے خلاف بھی جدوجہد کی۔وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پر مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ گاندھی کا اثر “عالمی” ہے اور “پوری بنی نوع انسان کو اتحاد اور ہمدردی کے جذبے کو آگے بڑھانے کی ترغیب دیتا ہے۔
No Comments: