نئی دہلی :اتر پردیش کے امروہہ سے رکن پارلیمنٹ دانش علی نے کانگریس میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ دانش علی کو بی ایس پی نے گزشتہ سال دسمبر میں پارٹی مخالف سرگرمیوں میں شامل ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے پارٹی سے معطل کر دیا تھا۔ اب ان کے کانگریس میں شامل ہونے سے نہ صرف پارٹی کو مضبوطی ملے گی، بلکہ آئندہ لوک سبھا انتخاب میں امروہہ اور اس کے آس پاس کی پارلیمانی سیٹوں پر بھی اس کا اثر دکھائی دے گا۔ دانش علی نے اتر پردیش میں کانگریس کو مضبوط کرنے کا عزم بھی ظاہر کر دیا ہے۔اس سے پہلے جئے پرکاش پٹیل اور پپو یادو جیسی شخصیات کانگریس میں شامل ہو چکی ہیں۔
بہار کی سیاست میں سرگرم اور سیمانچل میں مضبوط اثر رکھنے والے راجیش رنجن عرف پپو یادو نے اپنی سیاسی پارٹی ’جن ادھیکار پارٹی‘ کو کانگریس میں ضم کر دیا ہے۔ اس سے قبل وہ خو د کو کانگریس کی نظریات کا حامل بتاتے رہے ہیں۔ آج دہلی میں کانگریس کے سینئر لیڈر پون کھیڑا نے انہیں کانگریس میں شامل کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اپنی پارٹی کو کانگریس میں ضم کرنے کا اعلان کیا۔
No Comments: